شاہین شاہ آفریدی نے لیجنڈ بائولر وقار یونس کا ریکارڈ برابر کردیا

Shaheen Shah Afridi, Cricket Record, legendary bowler, Waqar Younis
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی نے لیجنڈ بائولر وقار یونس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ انہوں نے کارنامہ زمبابوے کیخلاف پہلے ایک روزہ میچ میں سرانجام دیا تھا۔

شاہین شاہ آفریدی کا کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے مسلسل تین میچوں پندرہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ وقار یونس کے پاس تھا۔ زمبابوے کیخلاف پہلے ون ڈے سے قبل بھی نوجوان بائولر نے پانچ پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو شاہین شاہ آفریدی نے ورلڈ کپ 2019ء کے دوران افغانستان کیخلاف ایک میچ میں 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کے بعد ورلڈ کپ کے ہی ایک میچ میں بنگلا دیش کے خلاف انہوں نے کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھلائی تھی۔ اب زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں انہوں نے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔

6 اپریل 2000ء کو خیبر ایجنسی میں پیدا ہونے والے شاہین شاہ آفریدی بائیں ہاتھ سے تیز گیند بازی کرنے والے بائولر ہیں۔ شاہین قومی ٹیم کے علاوہ بلوچستان، ڈھاکا ڈائینامائٹس، قبائلی علاقوں، ہیمپشائر، خان ریسرچ لیب، لاہور قلندرز، نادرن پاکستان پختونز اور پاکستان انڈر نائیٹین کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔

شاہین آفریدی کو 3 دسمبر 2018ء میں ابوظہبی کے میدان میں ٹیسٹ کیپ ملی تھی۔ پاکستان یہ میچ نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلا تھا۔ اس سے قبل انہوں نے 21 ستمبر 2018ء میں ون ڈے ڈیبیو کیا تھا جبکہ 3اپریل 2018ء کو انھیں پہلی دفعہ قومی ٹیم کی جانب سے ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کا موقع ملا تھا۔

قومی بائولر شاہین شاہ آفریدی ٹیسٹ میچوں میں 35، ون ڈے میں 45، ٹی ٹونٹی میچوں میں 18 جبکہ فرسٹ کلاس میچوں میں 61 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ دراز قد کے حامل شاہین آفریدی کو موجودہ ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور انہوں بارہا اپنی کارکردگی سے اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا ہے۔