اسلام آباد : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں جدید علوم سیکھنا اور ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ٹیکنالوجی میں بڑی ترقی کی ہے اور اس میں مزید پیش رفت کر رہے ہیں۔
اسحاق ڈار نے حکومت کے ڈیجیٹائزیشن کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں فور جی ٹیکنالوجی نواز شریف کی قیادت میں متعارف کرائی گئی، اور اب گوگل کروم بُک جیسے جدید ٹولز نوجوانوں اور مختلف پیشہ ور افراد کے لئے بہت مددگار ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوگل پاکستان کی ڈیجیٹلائزیشن میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اور اس سے ملک میں اقتصادی سرگرمیاں بڑھانے میں مدد ملے گی۔
نائب وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گوگل کروم بُک ڈاکٹروں، انجینئرز اور طلبہ کے لئے اہمیت رکھتا ہے، اور اس کی دستیابی موجودہ گیجٹس کی فراہمی کو مزید آسان بنا دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے نوجوان نسل کی مہارت میں اضافہ ہوگا، جو کہ ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔
وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں اسرائیل اور غزہ کے درمیان امن معاہدے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ گزشتہ ماہ غزہ امن معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں اسرائیل پر زور دیا گیا کہ وہ اس معاہدے پر عمل کرے۔