موسم سرما کی آمد کے ساتھ کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کا خطرہ ہے، وزیراعظم عمران خان

موسم سرما کی آمد کے ساتھ کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کا خطرہ ہے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عوام کو اپنے خدشے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے آنے کا خطرہ ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ دوسرے ممالک کی نسبت پاکستان کورونا کے شدید اثرات سے محفوظ رہا۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان پر دوسرے ممالک کی نسبت بہت کرم کیا۔

وزیراعظم نے اپنی ٹویٹ میں زور دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماسک پہنچیں اور سماجی فاصلہ رکھیں۔ تمام دفاتر اور تعلیمی اداروں میں ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے۔

069a41680ae84368e84b43af69cc8a76

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موذی مرض میں مبتلا متاثرہ مریضوں کی تعداد تین کروڑ اکیاون لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ دس لاکھ سے زائد مریض وائرس کے ہاتھوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

بھارت میں موذی وبا نے تباہی مچا دی ہے۔ ایک لاکھ سے زائد لوگ ہلاک، ایک ہزار 960 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد پینسٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکا بدستور 76 لاکھ متاثرہ مریضوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔

پاکستان کی بات کی جائے تو اس کی صورتحال دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت بہتر ہے لیکن اس کے باوجود احتیاط تدابیر کو بار بار اختیار کرنا لازمی قرار دیا جا رہا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 9 ہزار 135 ہو گئی ہے جن میں سے 511 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 2 لاکھ 98 ہزار968 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 33 ہزار 725 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے مزید 632 افراد کے کورونا میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس طرح متاثرین کی مجموعی تعداد تین لاکھ چودہ ہزار چھ سو سولہ ہو گئی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں 99 ہزار 812، سندھ میں ایک لاکھ 38 ہزار 50 کیسز، خیبرپختونخوا 37 ہزار 973، بلوچستان میں 15 ہزار 371 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اسلام آباد 16 ہزار 766، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 828 کیسز اور آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 2 ہزار 816 ہو گئی ہے۔