لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دسمبر 2025 تک صوبے میں 1115 الیکٹرو بسیں فعال کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ اجلاس میں چارجنگ اسٹیشنز کے قیام اور نئے بس اسٹاپ ڈیزائنز کی منظوری بھی دی گئی۔
چار گھنٹے طویل اجلاس میں مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 11.5 لاکھ افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی اور سانپ کے کاٹنے کے تمام مریضوں کی بروقت ویکسینیشن پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پنجاب میں 5000 سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فعالی، دور دراز علاقوں میں بوتل بند پانی کی فراہمی، اور سروائیکل کینسر کی 65 لاکھ بچیوں کو ویکسینیشن کی کامیاب مہم پر بھی اہم فیصلے کیے گئے۔
مزید برآں، لاہور میں 4624 گلیوں کی تعمیر و بحالی، چنیوٹ اور میانوالی میں معدنی منصوبوں، اور جنوبی پنجاب کے 148 دیہات کو ماڈل ویلیج بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے سرکاری اداروں کو منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی فلاح کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔