Get Alerts

پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارروائی، گوادر میں پانی کا بحران حل

پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارروائی، گوادر میں پانی کا بحران حل

گوادر:پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ حکمت عملی کے تحت گوادر میں پانی کی شدید قلت کا مسئلہ حل کر لیا گیا ہے۔ شادی کور ڈیم کی پائپ لائن سے پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے جبکہ گوادر ڈی سیلینیشن پلانٹ کو بھی جزوی طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں آکرہ اور سواد ڈیمز کے خشک ہونے کے باعث گوادر اور جیوانی میں پانی کی کمی شدید ہوگئی تھی۔ اس کے علاوہ شادی کور ڈیم کی پائپ لائن سے پانی کی چوری اور گوادر ڈی سیلینیشن پلانٹ کی غیر فعالی نے صورتحال مزید پیچیدہ کر دی تھی۔

29 ستمبر کو گوادر میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں یومیہ پانی کی ضروریات کے لئے 24 لاکھ گیلن گوادر اور پانچ لاکھ گیلن جیوانی کو فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ اجلاس میں پانی کی فراہمی میں اضافہ اور پلانٹس کی بحالی پر اتفاق کیا گیا۔

حکام کے مطابق اب گوادر کو شادی کور ڈیم کی پائپ لائن سے یومیہ 12 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ میرانی ڈیم سے باؤزرز کے ذریعے پانی کی فراہمی کا انتظام بھی جاری ہے۔ سن اسٹار کنوؤں کے لیے پائپ لائن کی تنصیب کا کام مکمل ہونے کے قریب ہے۔

علاقے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث خشک سالی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے حل کے لیے پانی کے ضیاع کو روکنا اور مزید ڈیمز تعمیر کرنا ناگزیر ہے۔

گوادر اور جیوانی کے شہریوں نے پانی کے بحران کے خاتمے پر پاک فوج اور سول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ٹیگز: