لاہور: پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب کی صورتحال سنگین بنی ہوئی ہے، جہاں مختلف علاقوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق ہیڈ سدھنائی اور گنڈا سنگھ والا پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے۔
دریائے چناب کے متعدد مقامات جیسے ہیڈ خانکی، ہیڈ قادر آباد اور چنیوٹ برج پر بھی سیلاب کی سطح انتہائی بلند ہے، جبکہ ہیڈ مرالہ، راوی سائفن، شاہدرہ، بلوکی اور ہیڈ سلیمانکی پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسی طرح تریموں، جسڑ، اسلام اور میلسی سائفن پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جب کہ گڈو، سکھر، کوٹری اور پنجند پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ دریائے چناب سے ملحقہ نالہ ایک میں بہت اونچے اور نالہ پلکو میں اونچے درجے کا سیلاب کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 72 گھنٹوں میں بھارت کے تین بڑے ڈیم بھرنے کا خدشہ ہے، جس کے باعث دریائے راوی میں پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے۔
عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ حکام کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور محفوظ علاقوں میں رہائش اختیار کریں۔ حکومتی ادارے سیلاب سے نمٹنے کے لیے مکمل الرٹ ہیں اور ہنگامی خدمات کو فعال کر دیا گیا ہے۔