Get Alerts

امریکی ترجیحات میں تبدیلی، پاکستان خطے میں اہم شراکت دار کے طور پر ابھرا: دی ڈپلومیٹ

امریکی ترجیحات میں تبدیلی، پاکستان خطے میں اہم شراکت دار کے طور پر ابھرا: دی ڈپلومیٹ

اسلام آباد: عالمی جریدے "دی ڈپلومیٹ" نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا کی خارجہ پالیسی میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور اس کی ترجیحات اب بھارت کی بجائے پاکستان کی طرف منتقل ہو رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور مؤثر ملٹری ڈپلومیسی نے عالمی سطح پر ملک کی اہمیت میں اضافہ کیا ہے۔ پاکستان کو اب امریکا جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں اہم سٹریٹیجک پارٹنر کے طور پر دیکھ رہا ہے۔جریدے کے مطابق حالیہ برسوں میں بھارت امریکا کی توجہ کا مرکز رہا، تاہم اب واشنگٹن نئی دہلی کی بجائے اسلام آباد کے ساتھ شراکت داری کو زیادہ اہم سمجھ رہا ہے۔ یہ تبدیلی بھارت کے لیے باعثِ تشویش ہے، جو خود کو خطے میں "نیٹ سیکیورٹی پرووائیڈر" کے طور پر پیش کرتا رہا ہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت نے بلوچستان میں خفیہ مداخلت کی اور ٹارگٹ کلنگ کی مہم بھی چلائی۔ پاکستان نے بارہا امن کی پیشکش کی، لیکن بھارت کی جانب سے ہر بار کشیدگی میں اضافہ کیا گیا۔

"دی ڈپلومیٹ" کے مطابق مئی 2025 میں پاک بھارت کشیدگی نے ایٹمی تصادم کے خدشات کو جنم دیا، تاہم امریکا کی سفارتی مداخلت سے جنگ بندی ممکن ہوئی۔ بھارت کے مسلسل مذاکرات سے انکار نے نہ صرف خطے میں عدم استحکام کو بڑھایا بلکہ امریکا کے ساتھ اس کے تعلقات میں بھی بے یقینی اور دوری پیدا کی۔

دی ڈپلومیٹ کی رپورٹ عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار، بھارت کی جارحانہ حکمت عملی اور امریکی پالیسی میں تبدیلی کا واضح اشارہ ہے، جو خطے کے تزویراتی توازن پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

ٹیگز: