دوحہ: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطر کے سرکاری دورے کے دوران قطری عسکری اور سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور علاقائی و عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ساحر شمشاد نے قطر میں منعقدہ دوسری اعلیٰ سطح کی عسکری تعاون کمیٹی (HMCC) کے اجلاس میں شرکت کی، جس میں قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمٰن آل ثانی اور چیف آف اسٹاف قطر آرمڈ فورسز لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) جاسم محمد احمد المناع سے ملاقاتیں ہوئیں۔
اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی، سیکیورٹی اور تربیتی شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ جنرل ساحر شمشاد نے پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ و تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے، اعلیٰ عسکری سطح پر بامعنی اشتراک کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قطری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا۔
قبل ازیں، قطر آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کے بعد اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا۔