ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری

ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری

کراچی: ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری، گزشتہ ہفتے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر مزید 15 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز گھٹ گئے۔ اس طرح یکم مارچ سے اب تک ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ارب 3 کروڑ 23 لاکھ ڈالرز کی کمی ہوچکی ہے۔

جمعرات کو جاری کردہ مرکزی بینک کے اعلامیہ کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب 94 کروڑ 84 لاکھ ڈالرز سے گھٹ کر 17 ارب 79 کروڑ 64 لاکھ ڈالرز رہ گئے۔ اعداد و شمار کے مطابق 30 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے پر مرکزی بینک کے ذخائر 71 کروڑ 41 لاکھ ڈالرز کم ہو کر 11 ارب 60 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 2 کروڑ 21 لاکھ ڈالرز اضافے سے 6 ارب 19 کروڑ 44 لاکھ ڈالرز کی سطح پر ریکارڈ کئے گئے۔

مرکزی بینک کی جانب سے گزشتہ ہفتے بیرونی قرضوں اور دیگر سرکاری مد میں ادائیگیوں کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ گزشتہ ہفتے اسٹیٹ بینک کی جانب سے بیرونی قرضوں اور دیگر سرکاری اخراجات کی مد میں 17 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کی ادائیگیاں کیں۔