کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے بھر کے ٹرانسپورٹرز اور عوام کے لیے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام پر کرایوں کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا اور حکومت ٹرانسپورٹرز کے اضافی اخراجات خود برداشت کرے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ٹرانسپورٹ کے شعبے کے لیے درج ذیل اہم اقدامات کا اعلان کیا۔ بس، کوچ، منی بس اور وین کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ تمام ٹرانسپورٹرز 28 فروری سے پہلے والے کرایوں پر گاڑیاں چلانے کے پابند ہوں گے۔ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے ٹرانسپورٹرز پر جو بھی اضافی بوجھ پڑے گا، اسے حکومتِ سندھ ریلیف پیکیج کے ذریعے خود برداشت کرے گی تاکہ عوام کی جیب متاثر نہ ہو۔
محکمہ تعلیم کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ سکول وینز کے کرایوں میں اضافہ نہ ہونے دیا جائے۔ بچوں کے والدین پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اضافی کرایہ حکومت ادا کرے گی۔مراد علی شاہ نے ملک کے موجودہ معاشی حالات کے تناظر میں پوری قوم سے تعاون کی اپیل کی۔موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ بجلی، تیل اور گیس کی بچت کو قومی فریضہ سمجھا جائے۔انہوں نے زور دیا کہ پوری قوم کو درپیش مسائل کو سمجھتے ہوئے اپنی زندگیوں میں سادگی اختیار کرنی ہوگی تاکہ ملکی معیشت پر دباؤ کم کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کو ریلیف پیکیج دینے کا واحد مقصد یہ ہے کہ عام آدمی کی نقل و حمل متاثر نہ ہو اور مہنگائی کے اس دور میں انہیں مزید معاشی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔