عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی قیادت شاہ محمود قریشی نے سنبھال لی

عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی قیادت شاہ محمود قریشی نے سنبھال لی

ملتان : تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے عمران خان کی گرفتاری پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کارکن پر امن احتجاج کریں اور جلاؤ گھیراؤ نہ کریں۔ آگے کا لائحہ عمل کور کمیٹی کے اجلاس میں آج ہی کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی باگ ڈور سنبھال لی ہے۔ 

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’عمران خان کی جو واضح ہدایات ہیں ان کو مد نظر رکھتے ہوئے پر امن انداز میں ہم نے آگے بڑھنا ہے۔ مجھے احساس ہے کہ آج پاکستانی اور پی ٹی آئی سے منسلک ہر کارکن اضطراب کی کیفیت میں ہے۔ آج جو فیصلہ آیا ہے اس کو عوام نے انصاف کے بنیادی تقاضوں کے برعکس جانا ہے۔

شاہ محمود نے کہا ’لوگوں میں اضطراب اور غم و غصہ بھی ہے۔ لوگ عمران خان کے ساتھ اظہار یک جہتی بھی کرنا چاہتے ہیں اور اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں۔ پرامن رہتے ہوئے آپ اپنا حق استعمال کر سکتے ہیں املاک کو نقصان نہیں پہنچانا نہ ہی قانون کو ہاتھ میں لینا ہے لیکن حقیقی آزادی کی جدوجہد کو ہم نے آگے بڑھانا ہے۔

شاہ محمود نے کہا ’عمران خان کا جو فیئر ٹرائل کا بنیادی حق تھا وہ انھیں میسر نہیں آیا۔ مجھے اضطراب کی کیفیت کا علم ہے اور سب نے مل کر ان کی جدوجہد جاری رکھنی ہے قانونی جنگ بھی لڑنی ہے اور سیاسی جدوجہد بھی۔

شاہ محمود کے مطابق کور کمیٹی کا اجلاس بھی آج ہو رہا ہے تاکہ آئیندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔ مشاورت اجلاس میں اپنے وکلا اور کور کمیٹی ممبرران سے مشاورت کر کے ہی آگے بڑھیں گے۔ 

واضح رہے کہ عمران خان کی عدم موجودگی میں شاہ محمود قریشی پارٹی سربراہ ہیں۔ ان کے ساتھ علی محمد خان، اسد قیصر ، شہریار آفریدی اور فردوس شمیم نقوی ہوں گے۔ 

مصنف کے بارے میں