اسلام آباد : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت گزشتہ 78 برسوں سے کشمیری عوام کو ان کے حقِ خودارادیت سے محروم رکھے ہوئے ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کے ظلم و جبر، آبادیاتی تبدیلی اور سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں کو کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوشش قرار دیا۔
اسحاق ڈار نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حقِ خودارادیت دیا جائے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک انہیں ان کا حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔ وزیر خارجہ کا یہ پیغام واضح کرتا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا اور ان کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھاتا رہے گا۔