Get Alerts

ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور شدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔

بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش متوقع ہے۔ ان علاقوں میں بعض مقامات پر تیز موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ علاوہ ازیں راولپنڈی، مری، گلیات، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، جہلم، اٹک، چکوال، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، چترال، دیر، سوات، بونیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم، نوشہرہ، مالاکنڈ، صوابی، مردان، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت اور ٹانک میں بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے ژوب، بارکھان، خضدار اور موسٰی خیل میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

ٹیگز: