Get Alerts

امریکی صدر کے ٹیرف بیان پر بھارتی میڈیا میں کھلبلی، مودی حکومت پر سوالات اٹھنے لگے

امریکی صدر کے ٹیرف بیان پر بھارتی میڈیا میں کھلبلی، مودی حکومت پر سوالات اٹھنے لگے

نیویارک / نئی دہلی: امریکی صدر کی جانب سے بھارت پر اضافی ٹیرف (درآمدی محصولات) عائد کرنے کا عندیہ دیے جانے کے بعد بھارتی میڈیا (گودی میڈیا) میں شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی اعلان نے بھارت کی "معاشی ترقی" کے دعووں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے اور بھارتی صحافتی حلقے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکی صدر خود پسندی کا شکار، غیر ذمہ دار اور نفسیاتی عدم توازن کا شکار ہیں۔ کچھ میڈیا اداروں نے یہاں تک کہا کہ ٹرمپ کو نااہل قرار دینے کی کئی وجوہات موجود ہیں اور ان کا رویہ عالمی سطح پر سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان نے مودی حکومت کی خارجہ پالیسی اور معاشی حکمتِ عملی پر بھی انگلیاں اٹھا دی ہیں۔ بھارت جو خود کو دنیا کی تیسری بڑی معیشت کے طور پر پیش کرتا ہے، وہ امریکی تجارتی دباؤ کا سامنا کرنے میں ناکام دکھائی دیا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق، امریکی ٹیرف کے اعلان نے بھارت کی اقتصادی کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا ہے، جبکہ بھارتی میڈیا کی جانب سے سخت ردِعمل دراصل مودی سرکار کی سفارتی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔

میڈیا تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گودی میڈیا نے ایک بار پھر سچائی چھپانے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، مگر اس بار ٹرمپ کے بیان نے خود ان کے بیانیے کو چیلنج کر دیا ہے۔

ٹیگز: