لاس اینجلس: مارول سٹوڈیوز اور سونی پکچرز کی نئی سپر ہیرو فلم ’سپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ نے عالمی باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے صرف چھ دن کے اندر ایک ارب ڈالر سے زیادہ کا بزنس کرلیا ہے۔
ٹام ہالینڈ کی بطور پیٹر پارکر واپسی والی اس فلم کو دنیا بھر میں شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی، جس کے باعث یہ فلم حالیہ برسوں کی سب سے کامیاب ہالی ووڈ فلموں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہے۔
باکس آفس ریکارڈز کے مطابق ایک ارب ڈالر کی کمائی کا ہدف اس سے زیادہ تیزی سے صرف مارول کی 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ایوینجرز: اینڈ گیم‘ نے عبور کیا تھا، جس نے اپنی ریلیز کے ابتدائی ویک اینڈ پر ہی تقریباً 1.2 ارب ڈالر کا عالمی بزنس کیا تھا۔
فلم نے شمالی امریکا میں بھی شاندار آغاز کیا، جہاں ابتدائی چار دنوں میں اس نے 407 ملین ڈالر کمائے۔ اس کامیابی کے ساتھ ’سپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ نے 2018 کی مشہور فلم ’بلیک پینتھر‘ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
فلم میں ٹام ہالینڈ ایک مرتبہ پھر سپائیڈر مین کے کردار میں جلوہ گر ہوئے ہیں، جبکہ زینڈایا، جیکب بیٹالون، جون برنتھل، مارک رفالو اور سیڈی سنک بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
فلم کی کامیاب کارکردگی اور شائقین کے مثبت ردعمل کے بعد ماہرین کا خیال ہے کہ ’سپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ مستقبل میں بھی باکس آفس پر مزید بڑے ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔