غزہ : اسرائیل نے ایک بار پھر جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے نتیجے میں غزہ اور لبنان میں مزید تباہی پھیل گئی۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف رہائشی علاقوں، خاص طور پر رفح میں آپریشن کرتے ہوئے 7 فلسطینیوں کو شہید کر دیا اور 4 عمارتیں مکمل طور پر تباہ کر دیں۔
اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ رفح پر حملے کے دوران حماس کے ایک کمانڈر کو بھی مارا گیا۔ تاہم، فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اسرائیلی فوج نے 360 فلسطینیوں کی جان لے لی ہے، جبکہ 900 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ غزہ میں جاری جنگ کے دوران اب تک 70 ہزار سے زائد فلسطینی اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
اسرائیلی وزیردفاع نے اپنی ہٹ دھرمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں پوری طاقت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
ادھر لبنان میں بھی اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی، جہاں جنوبی لبنان میں اسرائیلی طیاروں نے بمباری کر کے 4 رہائشی عمارتوں کو تباہ کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے ان حملوں میں حزب اللہ کے اسلحہ گوداموں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم اس کے نتیجے میں شہریوں کی املاک اور جانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔