اسلام آباد/بیجنگ:پاکستان اور چین نے تعلقات کی مضبوطی، سی پیک ٹو پر عمل درآمد اور جنوبی ایشیا میں امن و تنازعات کے پرامن حل پر اتفاق کیا ہے۔ پاک چین وزرائے خارجہ نے ساتویں سٹریٹجک ڈائیلاگ میں جامع مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے 3 سے 5 جنوری 2026 تک چین کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ سیاسی، دفاعی، اقتصادی، ثقافتی اور سلامتی کے شعبوں میں تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ چین نے پاکستان کی معاشی بحالی اور "اُڑان پاکستان" منصوبے کی تعریف کی، جبکہ پاکستان نے چین کی ترقیاتی کامیابیوں اور صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہا۔
دونوں ممالک نے مسئلہ کشمیر، سرحد پار آبی وسائل، افغانستان اور فلسطین میں تعاون اور عالمی قانونی نظام کے احترام کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔