راولپنڈی: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کی نسل کشی میں ملوث ہے اور وادی کو جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچے بھی بھارتی ظلم و ستم سے محفوظ نہیں ہیں۔
راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہا ہے اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سفارتی اور سیاسی سطح پر کشمیری عوام کے شانہ بشانہ ہے اور آپریشن بنیان مرصوص کے بعد کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر دوبارہ اجاگر ہوا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کشمیر کی اپنی حیثیت ہے اور یہ کسی صوبے کے برابر نہیں۔ کشمیر کی پالیسی میں بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خون سے لکھی گئی تحریک کبھی رائیگاں نہ جانے اور کشمیری عوام کے حق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیا۔
راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آج کے دن کشمیری عوام کے حقوق اور اقوام متحدہ کے وعدوں کو یاد دلاتا ہے، اور پاکستان سے کشمیر کی محبت میں کوئی شک نہیں۔