مظفر آباد :آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ گزشتہ روز آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں چودھری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد پیپلزپارٹی کے فیصل ممتاز راٹھور کو نئے وزیراعظم کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔
اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں فیصل ممتاز راٹھور کے حق میں 36 اراکین نے ووٹ دیا جبکہ صرف 2 اراکین نے ان کی مخالفت کی۔ اس کامیابی کے بعد فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سولہویں وزیراعظم اور موجودہ اسمبلی کے چوتھے وزیراعظم کے طور پر منتخب ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ چودھری انوار الحق کو استعفیٰ دینے کا پیغام بھجوایا گیا تھا، تاہم انہوں نے استعفیٰ دینے کے بجائے تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے بعد پیپلز پارٹی نے ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی، جو کامیاب رہی۔ تحریک عدم اعتماد کو سردار جاوید ایوب، چودھری قاسم مجید اور دیگر اراکین نے پیش کیا تھا، اور اس میں فیصل ممتاز راٹھور کو قائد ایوان کے طور پر متبادل نام کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔