'سلیکٹڈ وزیراعظم ہر ادارے، معیشت اور اقدار کو تباہ کرنے پر تُلا ہوا ہے'

'سلیکٹڈ وزیراعظم ہر ادارے، معیشت اور اقدار کو تباہ کرنے پر تُلا ہوا ہے'
کیپشن: بیگم بھٹو اور شہید بی بی نے ملک میں بحالیِ جمہوریت کے لئے جدوجہد کی، بلاول بھٹو۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ پاکستان پیپلز پارٹی فیس بُک پیج

لاہور: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 5 جولائی یومِ سیاہ کے موقع پر پیغام میں کہا کہ آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں نے معاشرے، معیشت اور جغرافیہ کو شدید نقصان پہنچایا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ضیاء نے منشیات اور غیر قانونی اسلحہ سے ملک میں نفرت، لسانیت اور مذہبی منافرت کے بیج بوئے جب کہ شہید بھٹو سمجھتے تھے کہ غربت و افلاس قدرت کے نہیں انسانوں کے پیدا کردہ ہیں۔ شہید بھٹو نے پوری قوم کو جگایا اور اسے بااختیار بنایا۔ بلاول نے کہا کہ بیگم بھٹو اور شہید بی بی نے ملک میں بحالیِ جمہوریت کے لئے جدوجہد کی، قائدِ عوام کی جانب سے کمزور طبقات کو بااختیار بنانے پر استحصالی گروہ چوکنا ہو گیا جب کہ استحصالی گروہ کی سازشوں نے شہید بھٹو کی حکومت کا خاتمہ کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی مکمل بحالی تک سُکھ کا سانس نہیں لے گی اور سلیکٹڈ وزیراعظم ملک کے ہر ادارے، معیشت، اقدار کو تباہ کرنے پر تُلا ہوا ہے لیکن ’جمہوریت بہترین انتقام ہے‘۔ بلاول بھٹو نے کہا پیپلز پارٹی کے نعرے تلے آمریتی عناصر اور سلیکٹڈ وزیراعظم کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔

بلاول نے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف انتقامی کارروائیاں 5 جولائی 1977 کا تسلسل ہیں۔ آمریتی عناصر اور جمہوریت پسندوں کے درمیان جنگ ابھی جاری ہے۔ کچھ بھی کر لیں آخری فتح پاکستانی عوام کی ہو گی اور آئیے آج نظریئہ جمہوریت سے تجدید عہد نو کریں۔