اسلام آباد/واشنگٹن :پاکستان کی خارجہ پالیسی اور بین الاقوامی سفارت کاری میں ایک بہت بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کا ایک انتہائی اہم اور قریبی شراکت دار بن کر ابھرا ہے۔ معتبر عالمی جریدے "ووکس" کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری شدید تنازع کو حل کرنے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک کلیدی سفارتی ثالث کا تاریخی کردار سنبھال لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اس انتہائی حساس اور اہم سفارتی مشن کی قیادت وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خود کر رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں کی مشترکہ اور انتھک سفارتی کوششوں کے نتیجے میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان بیک چینل رابطوں کو بحال کرنے میں بڑی کامیابی ملی ہے۔
عالمی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے ابتدائی دور میں ہی پاکستان کا اس سطح پر ایک اہم عالمی مڈل مین (ثالث) کے طور پر سامنے آنا ملک کی جیو پولیٹیکل اہمیت کا واضع ثبوت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اس کامیاب سفارتی پیش قدمی نے نہ صرف خطے کو ایک بڑے متبادل تصادم سے بچانے میں مدد دی ہے، بلکہ واشنگٹن کے مقتدر حلقوں میں پاکستان کی سٹریٹجک اہمیت کو بھی ایک بار پھر منوا لیا ہے، جس سے پاک امریکہ تعلقات ایک نئے اور مضبوط دور میں داخل ہو رہے ہیں۔
