فلیگ شپ ضمنی ریفرنس کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی

فلیگ شپ ضمنی ریفرنس کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف فلیگ شپ ضمنی ریفرنس کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر ضمنی ریفرنس کی سماعت کی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اور نامزد دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے اس موقع پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے موکل کی طبعیت ناساز ہے اگر عدالت اجازت دے تو وہ چلے جائیں جس پر عدالت نے سابق وزیراعظم کو حاضری لگا کر عدالت سے جانے کی اجازت دی۔

مزید پڑھیں: سینیٹ الیکشن میں خیبرپختونخوا سے لوگوں نے اپنے آپ کو بیچا، عمران کا دعویٰ

سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے استغاثہ کے گواہ راؤ عبدالحنان پر جرح مکمل کی جس کے بعد سماعت 7 مارچ تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر راؤ عبدالحنان کا بیان قلمبند کیا گیا تھا اور ان کی جانب سے پیش کردہ دستاویزات کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: فاٹا سے ایک نومنتخب آزاد سینیٹر (ن) لیگ میں شامل

واضح رہے 15 فروری کو نیب نے نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز کے ضمنی ریفرنسز دائر کئے تھے۔ ضمنی ریفرنس میں نیب نے جے آئی ٹی رپورٹ کا حوالہ دیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق حسین نواز ان کمپنیوں کے ڈائریکٹر رہے۔ العزیزیہ اسٹیل ملز ضمنی ریفرنس میں نیب نے شریف خاندان کی تقاریر اور بیانات کو ریکارڈر کا حصہ بنایا۔ نیب نے ہل میٹلز اور العزیزیہ ضمنی ریفرنس میں نواز شریف کی تقاریر کو بھی شامل کیا تھا۔

خیال رہے سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں