تہران : ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے امریکا اور اسرائیل پر 40 سے زائد میزائل داغے اور 10 ڈرونز تباہ کر دیے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ حملے امریکی و اسرائیلی فوجی اڈوں کو کویت اور بحرین میں نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف رجیم چینج کی کوشش کی تو اسرائیل کی جوہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
حزب اللہ نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ تل ابیب کے جنوب میں اسرائیلی فوجی اڈے کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جو اسرائیلی آئرن ڈوم ریڈار سسٹم کے خلاف کیا گیا حملہ تھا۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے بیروت پر حملے کیے جن میں 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کی وجہ سے فضائی آپریشن شدید متاثر ہوئے ہیں۔ گزشتہ 5 دنوں میں 8 ممالک میں 20 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ پاکستان سے مشرق وسطیٰ کے لیے پروازیں مسلسل چھٹے دن بھی متاثر رہیں اور 145 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
ادھر سعودی عرب نے الخرج سٹی کے قریب آنے والے 3 کروز میزائل مار گرائے، اور سعودی وزارت دفاع نے کہا کہ بروقت کارروائی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔