ٹی20 ورلڈکپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کو کتنا انعام ملے گا؟ محسن نقوی نے اعلان کردیا

ٹی20 ورلڈکپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کو کتنا انعام ملے گا؟ محسن نقوی نے اعلان کردیا

لاہور:پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ٹیم کرکٹرز کیلئے بڑے انعام کا اعلان کردیا۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کو ایک لاکھ ڈالرز کا انعام دینے کا اعلان کردیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی قومی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے قذافی سٹیڈیم پہنچے جہاں انہوں نے کھلاڑیوں اور آفیشلز سےملاقات کی۔

اس دوران محسن نقوی نے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کے لئے ایک لاکھ ڈالر انعام دینے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جیت کے سامنے اس انعام کی کوئی حیثیت نہیں، امید ہے کہ آپ اس بار پاکستانی سبز ہلالی پرچم بلند کریں گے، کسی دباؤ کے بغیر کھیلیں، بھرپور مقابلہ کریں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میدان میں مقابلہ ہوتا نظر آنا چاہیے، جیت آپ کے لئے اور ہار میرے لیے ہو گی، کسی کی پرواہ نہ کریں، صرف پاکستان کے لئے کھیلیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میدان میں ٹیم ورک کا مظاہرہ کریں، انشاللہ فتح قدم چومے گی، تمام کھلاڑی متحد اور اکٹھے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ورلڈ کپ میں بھرپور پرفارمنس دیں گے، قوم کو آپ سے بہت سی توقعات ہیں، آپ نے پورا اترنا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے محمد رضوان کو ٹی ٹوینٹی میچوں میں 3 ہزار رنز مکمل کرنے پر اور نسیم شاہ کو ٹی ٹوینٹی میچوں میں 100 وکٹیں لینے پر خصوصی گرین شرٹ دی۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ یکم جون سے 29 جون تک امریکہ کے 3 اور ویسٹ انڈیز کے 6 مقامات پر کھیلا جائے گا، امریکا کے گرینڈ پریری سٹیڈیم میں اس ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا۔

ٹورنامنٹ میں 20 ٹیمیں 55 میچز کھیلیں گی، اب تک متعدد ٹیموں نے اپنے اسکواڈ کا اعلان کرلیا ہے۔

مصنف کے بارے میں