Get Alerts

ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمے کے مطابق بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ شام اور رات کے اوقات میں خیبرپختونخوا، پنجاب کے وسطی و جنوبی حصے، مشرقی و شمالی بلوچستان، بالائی اور جنوب مشرقی سندھ، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار کے بعض علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، سرگودھا، میانوالی، ڈی جی خان، بہاولپور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔ کچھ علاقوں میں درمیانے سے تیز درجے کی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، سوات، دیر، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان اور دیگر مقامات پر بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے چند اضلاع ژوب، کوہلو، بارکھان، ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں شام یا رات کے وقت گرج چمک اور گرد آلود ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، البتہ سانگھڑ، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور اور قریبی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

کشمیر میں تیز ہواؤں، گرج چمک، ژالہ باری اور موسلادھار بارش کی توقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی صورتِ حال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

ٹیگز: