اسلام آباد : بھارت نے سندھ طاس معاہدے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے چناب کا پانی روک دیا ہے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ بگلیہار ڈیم سے دریائے چناب کا 90 فیصد پانی روک دیا گیا ہے اور کشن گنگا پراجیکٹ کے ذریعے دریائے جہلم میں پانی کی آمد روکنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔
بھارتی اقدام کے بعد دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ نمایاں طور پر کم ہوگیا ہے، اور ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح صرف 4300 کیوسک رہ گئی ہے، جو کہ دو روز پہلے 87 ہزار کیوسک تھی۔ اس مقام پر عموماً 25 سے 30 ہزار کیوسک پانی بہتا ہے۔
اس کے علاوہ، دریائے راوی میں بھی پانی کی آمد کے امکانات کم ہوگئے ہیں، کیونکہ بھارت نے 2001 میں دریائے راوی پر تین ڈیم بنائے، جس کے بعد پاکستان کی طرف پانی کا بہاؤ تقریباً 75 فیصد کم ہوگیا۔ اب راوی صرف مون سون کے دوران ہی کچھ حد تک بہتا ہے، جبکہ باقی سال اس کا بہاؤ تقریباً ختم ہو جاتا ہے۔