لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور کے علاقے فہد ٹاؤن میں نادرا سنٹر اور ڈیرہ گجراں شالیمار میں واقع ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں کی سہولت کے لیے شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات کے اجرا کے عمل کا جائزہ لیا۔
اس دوران وزیر داخلہ نے شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو شہریوں کی شکایات کا فوری حل نکالنے کی ہدایت دی۔ ایک بزرگ خاتون کی وہیل چیئر پر موجودگی کے پیش نظر محسن نقوی نے ان کی دستاویزات کی پروسیسنگ کو فوری طور پر مکمل کرنے کی خصوصی ہدایت دی۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ "خصوصی افراد کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور انہیں مکمل سہولت فراہم کی جائے۔" انہوں نے مزید کہا کہ نادرا سنٹر اور پاسپورٹ آفس میں آنے والے ہر شہری کا کام طے شدہ وقت میں مکمل کیا جائے، اور شناختی دستاویزات و پاسپورٹ کی ڈلیوری مقررہ مدت کے اندر یقینی بنائی جائے۔
وزیر داخلہ کو شہریوں نے بتایا کہ پاسپورٹ کے اجرا میں زیادہ انتظار نہیں ہوتا اور عملے کا رویہ بھی بہتر ہے، جو شہریوں کو مناسب رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اس پر وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس عمل کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔