Get Alerts

پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک کا غزہ امن منصوبے پر حماس کے مثبت ردعمل کا خیرمقدم

پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک کا غزہ امن منصوبے پر حماس کے مثبت ردعمل کا خیرمقدم

اسلام آباد :  سعودی عرب، پاکستان، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکی، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے حماس کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن تجاویز پر مثبت ردعمل کا خیرمقدم کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزرائے خارجہ نے صدر ٹرمپ کی طرف سے اسرائیل کو فوری طور پر بمباری بند کرنے کی درخواست کو بھی سراہا اور تبادلے کے معاہدے پر عمل درآمد شروع کرنے کے مطالبے کو اہم قرار دیا۔

وزرائے خارجہ نے خطے میں امن قائم کرنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ پیش رفت جنگ بندی کے حصول میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے غزہ میں انسانی صورت حال کی سنگینی پر بھی توجہ دلائی اور اسے حل کرنے کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا۔

مزید برآں، وزرائے خارجہ نے حماس کے اعلان کا بھی خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے غزہ کے انتظام کو ٹیکنوکریٹس کی عبوری انتظامی کمیٹی کے حوالے کرنے کی تیاری ظاہر کی ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ وزرائے خارجہ نے تجویز پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر اتفاق رائے قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے فوری مذاکرات شروع کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

ٹیگز: