Get Alerts

ملک کا مستقبل آئین، جمہوریت اور مضبوط اداروں سے وابستہ ہے، ملک محمد احمد خان

 ملک کا مستقبل آئین، جمہوریت اور مضبوط اداروں سے وابستہ ہے، ملک محمد احمد خان

لاہور:سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا حل سنجیدہ اور بامقصد قومی مکالمے میں ہے، قومی پالیسی سازی میں تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔

 قومی پالیسی مکالمہ سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے مسائل کے حل پر توجہ دینا ہوگی۔ ملک کی ترقی کے لیے احتساب کے عمل کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔

 انہوں نے کہا کہ سول سروسز کے ڈھانچے میں اصلاحات ناگزیر ہیں، جبکہ آئین میں انتظامی اختیارات سے متعلق واضح گنجائش موجود ہے۔ اختیارات کی منتقلی منتخب نمائندوں کو ہونی چاہیے تاکہ عوامی مسائل بہتر انداز میں حل کیے جا سکیں۔

 سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ مضبوط جمہوری نظام کے لیے اداروں کے درمیان آئینی حدود کا احترام ضروری ہے۔ قومی مسائل پر اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، تاہم ملکی مفاد کے معاملات پر اتفاقِ رائے ضروری ہے۔

 ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ مؤثر نظام کے لیے پارلیمان اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا۔ پاکستان کا مستقبل آئین، جمہوریت اور مضبوط اداروں سے وابستہ ہے، اس لیے قومی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ مکالمے اور اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا ہوگا۔

ٹیگز: