اسلام آباد: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے مفادات اور مستقبل ایک دوسرے سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں۔
ایرانی صدر نے اپنے پیغام میں پاکستانی قوم کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی پاکستان کی ترقی اور کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یوم آزادی دونوں ممالک کے دیرینہ اور تزویراتی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے کے لیے ایک نیا موقع فراہم کرتا ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ جامع اور کثیرالجہتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باہمی اعتماد، احترام اور دونوں ممالک میں موجود وسیع صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
ایرانی صدر کے مطابق موجودہ حالات میں ایران اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون، رابطوں اور ہم آہنگی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، جبکہ دونوں برادر ممالک کے مشترکہ مفادات اور مستقبل ایک دوسرے کے ساتھ گہری وابستگی رکھتے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی مسلسل ترقی، خوشحالی اور سربلندی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ایران اور پاکستان کے تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کے مزید مستحکم ہونے کے لیے بھی دعا کی۔