ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت 9 اپریل تک ملتوی

ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت 9 اپریل تک ملتوی

اسلام آباد: شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت فاضل جج کی ناساز طبیعت کے باعث 9 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس میں پیشی کے لئے تینوں نامزد ملزمان سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر پیش ہوئے۔

مزید پڑھیں: انتخابات ملتوی نہیں ہونے دیں گے، چیف جسٹس کی باتیں اچھی لگیں، نواز شریف

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث اور جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء بھی عدالت میں پیش ہوئے تاہم فاضل جج محمد بشیر کی ناساز طبیعت کے باعث سماعت 9 اپریل تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔

یاد رہے کہ وکیل صفائی خواجہ حارث کو آج مسلسل آٹھویں سماعت پر واجد ضیاء پر جرح کرنا تھی جب کہ اس سے قبل جے آئی ٹی سربراہ مسلسل 6 سماعتوں کے دوران اپنا بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں۔

خواجہ حارث کی جرح مکمل ہونے کے بعد مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے وکیل امجد پرویز جرح شروع کریں گے۔

 یہ خبر بھی پڑھیں: تحریک انصاف نے ایمنسٹی سکیم کو معاشی قتل کے مترادف قرار دے دیا

سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق تھے۔نیب کی جانب سے ان تینوں ریفرنسز کے ضمنی ریفرنسز بھی احتساب عدالت میں دائر کیے جاچکے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں