کراچی: مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے بڑھتے ہوئے بادلوں اور امریکی صدر کی جانب سے ایران کو دی جانے والی دھمکیوں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو لرزا دیا ہے۔ سرمایہ کاروں میں پھیلی بے یقینی کے باعث مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔دورانِ ٹریڈنگ کے ایس ای (KSE) 100 انڈیکس میں 2 ہزار 122 پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس وقت انڈیکس 1 لاکھ 48 ہزار 276 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق، امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ فوجی تصادم اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خدشے نے سرمایہ کاروں کو شیئرز کی فروخت پر مجبور کر دیا ہے۔
مالیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں اس بڑی مندی کی بڑی وجہ بین الاقوامی سیاسی صورتحال ہے۔ صدر ٹرمپ کی متوقع پریس کانفرنس اور ایران کی جانب سے سخت ردِعمل نے عالمی منڈیوں سمیت پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں بھی "پینک" (Panic) کی صورتحال پیدا کر دی ہے۔