Get Alerts

ملک بھر میں پیٹرول کا کوٹہ مقرر کرنے کا فیصلہ، ڈیجیٹل فیول منیجمنٹ سسٹم نافذ ہوگا

ملک بھر میں پیٹرول کا کوٹہ مقرر کرنے کا فیصلہ، ڈیجیٹل فیول منیجمنٹ سسٹم نافذ ہوگا

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی تقسیم کو منظم کرنے اور ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پیٹرول پمپس پر "ڈیجیٹل فیول منیجمنٹ سسٹم" نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت شہریوں کو ان کی ذاتی گاڑیوں کے لیے پیٹرول کا ایک مخصوص کوٹہ جاری کیا جائے گا۔
وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذرائع کے مطابق، مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے پیش نظر یہ تیاری مکمل کی گئی ہے۔ وزارتِ آئی ٹی نے پیٹرول پمپس پر استعمال کے لیے خصوصی موبائل فونز کی جانچ اور فیول منیجمنٹ ایپلی کیشن کی ٹیسٹنگ کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔
    شہریوں کو اب اپنی ضرورت کے مطابق لامحدود پیٹرول کے بجائے حکومت کی جانب سے مقررہ کوٹے کے تحت ایندھن فراہم کیا جائے گا۔ ہر پیٹرول پمپ پر ایک مخصوص ایپلی کیشن کے ذریعے ایندھن کی فروخت کا ریکارڈ رکھا جائے گا۔پیٹرول پمپس کو فراہم کیے جانے والے سمارٹ فونز کی مالیت 72 ہزار روپے ہوگی، جس کے اخراجات کی ادائیگی آئل مارکیٹنگ کمپنیاں کریں گی۔
وزارتِ آئی ٹی نے منصوبے کی تمام تفصیلات اور سسٹم کا ڈھانچہ منظوری کے لیے کابینہ ڈویژن کو ارسال کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کو طویل عرصے تک برقرار رکھنا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عام شہری کی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل خیبر پختونخوا میں بھی مخصوص طبقوں کے لیے "احساس فیول سپورٹ سکیم" کا آغاز کیا گیا تھا، تاہم اب اس نئے ڈیجیٹل نظام کو وسیع پیمانے پر نافذ کر کے ایندھن کے مجموعی استعمال کو کنٹرول کیا جائے گا۔

ٹیگز: