Get Alerts

ایران نے امریکی تجاویز پر ردعمل پاکستان کو بھجوا دیا

ایران نے امریکی تجاویز پر ردعمل پاکستان کو بھجوا دیا

تہران:  ایران نے امریکی تجاویز پر اپنا سرکاری ردعمل پاکستان کے ذریعے بھجوا دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے فوری جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی ہے اور واضح کیا ہے کہ اس مسئلے کا حل صرف جنگ کے مستقل اور مکمل خاتمے میں ممکن ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران کے ردعمل میں کل دس اہم نکات شامل ہیں، جن میں خطے میں جاری تنازعات کے خاتمے، آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ کے لیے قواعد و ضوابط، پابندیوں کے خاتمے، اور امریکی و اسرائیلی حملوں سے ہونے والے نقصانات کی بحالی شامل ہیں۔

ایران کی طرف سے یہ ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں اور ایران کی طرف سے جوابی حملے خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہے ہیں۔ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے اعلان کے بعد صورتحال مزید نازک ہو گئی ہے۔

پاکستان اس دوران ایران اور امریکہ-اسرائیل کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے اور اسلام آباد اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ جنگ بندی ممکن ہو سکے۔ امریکہ کی جانب سے پہلے 15 نکاتی تجاویز پاکستان کو دی گئی تھیں، جنہیں پاکستان نے ایران تک پہنچایا اور تہران کی جانب سے اس پر جواب موصول ہوا۔

اطلاعات کے مطابق آج ایران نے پاکستان کی جانب سے فوری جنگ بندی کی تجویز موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ ایران کے وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران نے تجاویز پر اپنا سرکاری ردعمل تیار کر لیا ہے، جوابات مرتب کر دیے گئے ہیں، اور مقررہ وقت پر تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔ ایران نے اپنے قومی مفادات کے پیش نظر مطالبات ثالثی چینلز کے ذریعے بھی پہنچا دیے ہیں۔

ٹیگز: