ایپل کےنئےماڈل کے سمارٹ فون میں ڈبل سم لگانے کی سہولت میسر

ایپل کےنئےماڈل کے سمارٹ فون میں ڈبل سم لگانے کی سہولت میسر

کیلیفورنیا: ایپل کمپنی کےکسی نئے ماڈل کے اسمارٹ فون میں دو سم لگانے کی سہولت میسر ہو  گی۔ اس بات کا انکشاف ایپل کی خبریں چھاپنے والی ویب سائٹ نائن ٹو فائیو میک نے کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق, ویب سائٹ نے اس بات کا انکشاف آئی او ایس 12 کے بیٹا ورژن میں کیا ہے،جس میں ایک جگہ ’سیکنڈ سِم اسٹیٹس‘ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔ ویب سائٹ نے پورے آئی او ایس کو دیکھتے ہوئے کہا ہے کہ ایک جگہ ’سیکنڈ سِم ٹرے‘ اور ’ڈیوئل سِم اسٹیٹس‘ بھی لکھا گیا ہے۔


ایک جانب تو اس سے خود امریکی اور یورپی صارفین ایک سے زائد سِم استعمال کرسکیں گے، تو دوسری جانب ڈبل سِم کی سہولت سے بین الاقوامی سفر کرنے والے افراد بھی مستفید ہوسکیں گے۔ علاوہ ازیں اس تبدیلی کا ایک اور مقصد دنیا کے کئی ممالک میں ایک سے زائد سِم فون استعمال کرنے والے ایپل صارفین کو بھی ڈبل سِم کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

اس سے قبل ایپل کی مدِمقابل اسمارٹ فون کمپنیاں مثلاً سام سنگ، ہواوے اور ون پلس بھی اپنے جدید فونز میں ڈبل  سِم کی سہولت پیش کرتی آرہی ہیں۔ دوسری طرف ایپل ترقی پذیر ممالک میں بھی اپنے قدم جمانا چاہتا ہے، جہاں دو سِموں والے موبائل عام استعمال کئے جاتے ہیں۔


تاہم بعض تجزیہ نگاروں نے کہا ہے کہ شاید سیکنڈ سِم کے تحت ایپل ایک ای سِم کارڈ بھی پیش کرے گا، جو وہ پہلے ہی اسمارٹ واچ میں پیش کرچکا ہے۔ ایپل مصنوعات کی پیش گوئی کرنے والے مشہور ماہر مِنگ چی کواؤ کا اصرار ہے کہ ستمبر میں ایپل کم ازکم تین نئے فون پیش کررہا ہے ،جن میں ساڑھے چھ ایچ اسکرین کا آئی فون ایکس پلس، 6.1 انچ کا سادہ آئی فون اور اس سے کم اسکرین کا ایسا ماڈل بھی ہوگا جو آئی فون ایکس سے مشابہ ہوگا۔