Get Alerts

پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے مون سون سیلاب کی صورتحال پر تازہ ترین معلومات جاری

پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے مون سون سیلاب کی صورتحال پر تازہ ترین معلومات جاری

لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون سیلاب کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی فیکٹ شیٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گجرات میں 86 ملی میٹر، نارووال میں 37 ملی میٹر اور ملتان میں 28 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسی مدت میں ڈیرہ غازی خان میں 27 ملی میٹر اور جہلم میں 22 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ راولپنڈی، سیالکوٹ، اٹک، منگلا، مری، لیہ، میانوالی اور کوٹ ادو میں بھی بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔


ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے اکثر اضلاع میں مزید بارش متوقع ہے اور بارشوں کا چھٹا سلسلہ کل (جمعرات) تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔


دریائے سندھ کے تربیلا سیکشن پر کم درجے کا سیلاب ہے، جبکہ کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں بھی پانی کی سطح مستحکم ہے۔ تربیلا ڈیم 95 فیصد اور منگلا ڈیم 62 فیصد بھر چکے ہیں جبکہ بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 56 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔


بارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 164 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

حکام نے عوام سے درخواست کی ہے کہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں اور خطرناک علاقوں سے فاصلہ رکھیں تاکہ اپنی جان و مال کو محفوظ بنا سکیں۔
 

ٹیگز: