لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 13 اگست سے شروع ہونے والے مون سون کے ساتویں سپیل کے پیش نظر فلڈ ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ دریائے ستلج، راوی، چناب، جہلم اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو سکتی ہے، جس کے باعث سیلاب کا خدشہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، لوکل گورنمنٹ، جنگلات، لائیو سٹاک اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر اداروں کو بھی پیشگی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ تمام محکمے ممکنہ ایمرجنسی کے لیے تیار رہیں۔ ریسکیو 1122 سمیت ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ کنٹرول رومز میں عملہ 24 گھنٹے مستعد رہے گا۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ دریاؤں کے قریب رہنے والے افراد کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے، اور ان کے مویشیوں کو بھی محفوظ جگہوں پر لے جایا جائے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب جانے یا نہانے سے گریز کریں، اور ایمرجنسی کی صورت میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم سے متعلق تازہ ترین اطلاعات اور حفاظتی ہدایات کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں۔