کراچی: سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں فلم انڈسٹری کے فروغ، جاری فلمی منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فلمی منصوبوں پر پیش رفت، او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے ساتھ اشتراک اور سندھ کے ثقافتی تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے فلم "میرا لیاری" کے آسکر نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہونے کو سندھ کے لیے اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے سندھ کے فن، ثقافت اور ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اجلاس میں صوبے میں فلمی صنعت کے فروغ، نئے منصوبوں کی حوصلہ افزائی اور فلم سازوں کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔