کیلیفورنیا : گوگل نے اپنی حالیہ سہ ماہی آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اس کے آرٹیفیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹ "جیمنائی" کے ماہانہ صارفین کی تعداد 75 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ اضافہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ جیمنائی کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
2025 کی تیسری سہ ماہی میں گوگل نے جیمنائی کے صارفین کی تعداد 65 کروڑ رپورٹ کی تھی، اور اب صرف تین ماہ میں اس میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ اس کے مقابلے میں میٹا اے آئی کے ماہانہ صارفین کی تعداد 50 کروڑ کے قریب ہے۔
اگرچہ جیمنائی کی صارفین کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، لیکن وہ اپنے سب سے بڑے حریف چیٹ جی پی ٹی سے ابھی بھی پیچھے ہے، جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 2025 کے آخر میں 81 کروڑ تھی۔
یہ رپورٹ اس وقت سامنے آئی ہے جب گوگل نے اپنے سب سے جدید اے آئی ماڈل "جیمنائی 3" کو متعارف کرایا ہے، جو گہرائی میں جاکر کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ گوگل کے چیف بزنس آفیسر فلپ شنڈلر نے کہا کہ کمپنی نے جیمنائی کے مفت صارفین اور سبسکرائبرز دونوں پر توجہ مرکوز کی ہے اور بہترین نتائج دیکھے ہیں۔
یہ اعداد و شمار اس بات کا اشارہ دیتے ہیں کہ گوگل اس میدان میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔