Get Alerts

آیت اللہ خامنہ ای کی اسرائیلی جارحیت کے بعد پہلی بار محرم میں عوامی تقریب میں شرکت

آیت اللہ خامنہ ای کی اسرائیلی جارحیت کے بعد پہلی بار محرم میں عوامی تقریب میں شرکت

تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے بعد پہلی بار محرم الحرام کے موقع پر تہران میں ایک عوامی تقریب میں شرکت کی ہے۔ سرکاری میڈیا پر جاری ویڈیو میں 85 سالہ رہنما کو امام خمینی مسجد میں درجنوں افراد کے درمیان دیکھا جا سکتا ہے جہاں انہوں نے حاضرین کو ہاتھ ہلاتے اور سر ہلاتے ہوئے سلام کیا۔ تقریب میں موجود افراد نے ان کا استقبال کھڑے ہو کر کیا۔

اسرائیل کی جانب سے 13 جون کو حملے کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے دوران خامنہ ای عوامی اجتماعات سے دور رہے تھے اور ان کی تقریریں عموماً پہلے سے ریکارڈ شدہ نشر کی جاتی تھیں۔ 22 جون کو ایران میں جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خامنہ ای کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن کو ان کی موجودگی کا علم ہے مگر فی الحال ان کے قتل کا کوئی ارادہ نہیں۔

26 جون کو خامنہ ای نے ایک پہلے سے ریکارڈ شدہ تقریر میں امریکی صدر کی ایران کے ہتھیار ڈالنے کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے قطر میں امریکی ائیر بیس پر حملہ کر کے امریکہ کو سخت جواب دیا ہے۔

ایران نے جنگ میں 900 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے، جبکہ جوابی میزائل حملوں میں اسرائیل میں کم از کم 28 افراد ہلاک ہوئے۔ دونوں ممالک کے درمیان 24 جون کو جنگ بندی نافذ ہو چکی ہے۔ تاہم، ایران نے اپنی جوہری تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کی تصدیق کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی ایٹمی ایجنسی کو وہاں رسائی دینے سے انکار کر دیا ہے۔

ٹیگز: