گلگت:امجد حسین نے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر مہدی شاہ نے انجام دی، جس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام اور نومنتخب اراکین اسمبلی نے بھی شرکت کی۔
حلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ ماضی میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ مرکز اور گلگت بلتستان میں مختلف جماعتوں کی حکومت ہو۔ انہوں نے حکومت سازی میں نواز شریف، شہباز شریف، وفاقی وزیر امیر مقام اور استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ علیم خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے سفری سہولتوں کو بہتر بنانا ضروری ہے، جبکہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے آن آرائیول ویزہ کی سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ جب تک بجٹ میں مکمل فنڈز فراہم نہیں کیے جاتے، خطے کے دیرینہ مسائل حل نہیں ہو سکتے۔