گلگت : پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے لیے امجد حسین ایڈووکیٹ کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے گلگت ریجن سے کسی رہنما کو وزیراعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے۔ امجد حسین ایڈووکیٹ اس وقت پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر بھی ہیں۔
امجد حسین حالیہ انتخابات میں جی بی اے-1 گلگت سے کامیاب ہوئے تھے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے 24 میں سے 21 حلقوں کے سرکاری نتائج جاری کر دیے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے 9، مسلم لیگ (ن) نے 6، آئی پی پی نے 4، ایم ڈبلیو ایم نے 1 اور ایک آزاد امیدوار نے ایک نشست حاصل کی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق جی بی اے-9 اسکردو 3، جی بی اے-17 دیامر 3 اور جی بی اے-15 دیامر 1 کے نتائج کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
خواتین کی 6 مخصوص نشستوں میں سے 3 پیپلز پارٹی، 2 ن لیگ اور ایک آئی پی پی کے حصے میں آئی ہیں، جبکہ ٹیکنوکریٹ کی 3 نشستوں میں پیپلز پارٹی، ن لیگ اور آئی پی پی نے ایک، ایک نشست حاصل کی ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما نیئر حسین بخاری کا کہنا ہے کہ مخصوص اور ٹیکنوکریٹ نشستوں سمیت پارٹی کے پاس 17 سے 19 نشستوں کی واضح اکثریت موجود ہے، اور وہ پرامید ہیں کہ گلگت بلتستان میں حکومت پیپلز پارٹی ہی تشکیل دے گی۔