Get Alerts

وزیراعلیٰ پنجاب کا عیدالاضحیٰ پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب کا عیدالاضحیٰ پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کا حکم

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں فول پروف سکیورٹی اور عوامی سہولیات کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ لاہور، ملتان سمیت تمام بڑے شہروں میں مویشی منڈیوں کے اردگرد ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے اور ان منڈیوں میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے ٹریفک نظام کی مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے مقررہ کرایوں پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے۔ تمام بسوں پر کرایہ نامے اور فٹنس سرٹیفکیٹ نمایاں طور پر چسپاں کیے جائیں۔ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ شہریوں کو ان کی شکایات کے فوری ازالے کی سہولت فراہم کی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ لائیوسٹاک حکام مویشی منڈیوں میں موجود رہیں تاکہ جانوروں کی صحت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ انتظامیہ اور پولیس افسران کو بھی فیلڈ میں موجود رہنے اور صورت حال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی، ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح پر انتظامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور باقاعدہ رپورٹ پیش کی جائے تاکہ عوام کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

ٹیگز: