کیلیفورنیا: ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آگئی ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کمپنی اس ڈیوائس کو “آئی فون الٹرا” کے نام سے متعارف کراسکتی ہے۔
اب تک اس فولڈ ایبل فون کے حوالے سے کئی لیکس اور افواہیں منظرعام پر آچکی ہیں، جبکہ حالیہ دنوں میں اس کے ڈمی یونٹس بھی سامنے آئے ہیں جن سے ڈیزائن کے کئی اہم پہلوؤں کا اندازہ ہوا ہے۔
یوٹیوب پر جاری ایک ویڈیو میں ڈیوائس کے ڈمی ماڈلز دکھائے گئے، جن کے مطابق فون کے والیوم بٹن اوپری حصے میں دیے جائیں گے جبکہ اسپیکرز مخالف کونوں پر موجود ہوں گے۔
فون کے بیک پر دو کیمرے دیے جانے کا امکان ہے، جن کا ڈیزائن ایپل کے روایتی آئی فونز سے ملتا جلتا ہوگا۔
لیک ہونے والے ڈمی یونٹس سے پتا چلتا ہے کہ فولڈ ہونے پر فون چوکور شکل اختیار کرے گا، جبکہ کھلنے کے بعد یہ کسی ٹیبلیٹ جیسا محسوس ہوگا۔ ڈیوائس کتاب کی طرح اوپن ہوگی اور اس کا انداز موجودہ فولڈ ایبل فونز سے مختلف بتایا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فون کی چوڑائی زیادہ اور لمبائی نسبتاً کم ہوگی، جبکہ ان فولڈ ہونے پر یہ آئی پیڈ جیسا تجربہ فراہم کرسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق فولڈ حالت میں فون کی لمبائی 117.71 ملی میٹر اور چوڑائی 84.27 ملی میٹر ہوگی۔ ڈیوائس میں کھلنے پر 7.8 انچ بڑی اسکرین جبکہ بند ہونے پر 5.5 انچ کور ڈسپلے دیے جانے کا امکان ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ فون میں اے 20 پرو چپ اور 5500 ایم اے ایچ بیٹری شامل ہوسکتی ہے۔
کیمرا ماڈیول کا ڈیزائن آئی فون ایئر سے متاثر ہوگا، تاہم اسے مکمل بلیک فنش دی جائے گی، جہاں دو کیمرے، فلیش اور مائیکرو فون موجود ہوں گے، جس سے یہ ڈیوائس مجموعی طور پر آئی پیڈ پرو جیسی دکھائی دے سکتی ہے۔