کیلیفورنیا : ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے آئی فون 18 سیریز کی رونمائی 9 ستمبر کو کیے جانے کی توقع ہے، جبکہ اسی ایونٹ میں کمپنی کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کو بھی متعارف کرائے جانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی ایپل کے نئے آئی فون کا صارفین کو بے صبری سے انتظار ہے۔ رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 سیریز کے علاوہ ایپل واچ سیریز 12، ایپل واچ الٹرا، ہوم پوڈ منی، آئی پوڈ اور ایپل ٹی وی سمیت دیگر مصنوعات بھی تقریب کا حصہ بن سکتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایپل اس سال آئی فون کی لانچنگ حکمت عملی میں تبدیلی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایونٹ کے دوران آئی فون 18 اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل فون بھی ’آئی فون الٹرا‘ کے نام سے پیش کیا جائے گا۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عام آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کی لانچ کو 2027 کے ابتدائی مہینوں تک مؤخر کیا جاسکتا ہے۔
فولڈ ایبل آئی فون کو ایپل کی اب تک کی مہنگی ترین آئی فون ڈیوائس قرار دیا جارہا ہے، جس کی قیمت 2 ہزار ڈالر سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
ادھر بلومبرگ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل آئی فون 18 پرو ماڈلز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کرسکتا ہے۔ ممکنہ طور پر قیمت میں 100 ڈالر تک اضافہ کیا جاسکتا ہے، جس کے بعد آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1099 ڈالر کے بجائے 1199 ڈالر ہوسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی ایک اہم وجہ ریم اور دیگر چپس کی بڑھتی ہوئی لاگت بتائی جارہی ہے۔ تاہم، نئی ڈیوائسز کی حتمی قیمتوں کی تصدیق ایپل کی جانب سے باضابطہ رونمائی کے وقت ہی ہوگی۔