کوالالمپور : وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے اعزاز میں ملائیشیا میں باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں انہیں پرتپاک طریقے سے خوش آمدید کہا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف جیسے ہی کوالالمپور میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے دفتر پہنچے تو ملائیشین وزیراعظم نے ان کا خود استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور گلے ملے۔
استقبالیہ تقریب میں ملائیشیا کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ بعدازاں شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزرا، اعلیٰ حکام اور دیگر معززین سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف گزشتہ شب سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچے۔ بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا استقبال ملائیشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز فہمی فاضل، پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے کیا۔
وزیراعظم کی رہائش گاہ آمد پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے دوبارہ ان کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "ملائیشیا آ کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے، یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔"
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اہم حکومتی شخصیات بھی ملائیشیا پہنچی ہیں جن میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی شامل ہیں۔