Get Alerts

نیشنل گرڈ کمپنی نے 50ویں واپڈا انٹر یونٹ بیڈمنٹن مقابلے جیت لیے، گیپکو دوسری اور فیسکو تیسری پوزیشن پر

نیشنل گرڈ کمپنی نے 50ویں واپڈا انٹر یونٹ بیڈمنٹن مقابلے جیت لیے، گیپکو دوسری اور فیسکو تیسری پوزیشن پر

لاہور : نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے 50ویں سالانہ واپڈا انٹر یونٹ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ یہ ٹورنامنٹ 30 ستمبر سے 5 اکتوبر تک واپڈا سپورٹس کمپلیکس لاہور میں سات ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جن میں این جی سی، لیسکو، گیپکو، فیسکو، میپکو، آئیسکو اور کیسکو شامل تھیں۔

این جی سی نے مجموعی طور پر 170 پوائنٹس حاصل کر کے چیمپیئن کا اعزاز اپنے نام کیا، جبکہ گیپکو نے 104 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا اور فیسکو نے 58 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ٹورنامنٹ میں این جی سی کے کھلاڑی محمد علی لاروش اور ماحور شہزاد نے مردوں اور خواتین کے سنگلز مقابلے جیتے۔ محمد علی لاروش اور اویس زاہد نے مینز ڈبلز مقابلہ بھی جیتا۔ آفیسرز کیٹیگری میں عثمان طالب نے سنگلز میں دوسرا مقام حاصل کیا جبکہ منیب الدین کے ساتھ مل کر آفیسرز ڈبلز کا فائنل جیتا۔ محمد عدنان اور ماحور شہزاد و فرزانہ علی کی جوڑی نے بالترتیب مینز اور ویمنز ڈبلز میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

ٹورنامنٹ کے اختتام پر انعامات کی تقسیم کی تقریب ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی نیشنل گرڈ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر محمد شاہد نذیر تھے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور جیتنے والی ٹیموں کے منیجرز کو ٹرافیاں اور شیلڈز دیے۔ انہوں نے این جی سی ٹیم کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور ادارے کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی۔

تقریب میں این جی سی سپورٹس ایسوسی ایشن کے صدر انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن، جنرل منیجر میڈیا اینڈ پی آر محمد ابراہیم، چیف انجینئر پی ڈی انجینئر اصغر مجتبیٰ نیازی، ڈائریکٹر جنرل ایچ آر او طاہر محمود، واپڈا سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل فاروق احمد اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

ٹیگز: