واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے ملنے والی تعریف کو اپنے لیے بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم کے الفاظ نے انہیں دلی خوشی فراہم کی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے حالیہ بیان میں کیا، جہاں انہوں نے اپنی ماضی کی سفارتی کامیابیوں کا دفاع بھی کیا۔
امریکی صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کے جملوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ٹرمپ نے (اپنی پالیسیوں سے) کروڑوں لوگوں کی جانیں بچائی ہیں۔ ان کی اس بات نے مجھے بے حد خوش کردیا، کیونکہ یہ میری کوششوں کا عالمی اعتراف ہے۔
اپنی صدارت کے دوران کی جانے والی کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے بڑے دعوے کیے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنے دورِ اقتدار میں 8 جنگیں رکوائیں، جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے اور ان سے پہلے کسی لیڈر نے یہ کارنامہ انجام نہیں دیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ان امن کوششوں کی بدولت انہیں نوبیل امن انعام کے لیے بھی نامزد کیا جا چکا ہے۔ صدر نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اب ایک اور بڑی عالمی جنگ کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاکہ دنیا میں امن قائم ہو سکے۔