بیجنگ / اسلام آباد: چین نے ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور جنگ بندی کے لیے پاکستان کے سفارتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق، بیجنگ خطے میں قیامِ امن کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چین پاکستان کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔بیجنگ نے امید ظاہر کی ہے کہ تمام متعلقہ فریقین امن کے ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالیں گے۔
چین خطے میں کسی بھی نئی جنگ کے خلاف ہے اور استحکام کے لیے ہر مثبت قدم کا ساتھ دے گا۔برطانوی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لیے ایک جامع جنگ بندی کا فریم ورک تیار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے یہ مجوزہ فریم ورک واشنگٹن اور تہران کے ساتھ شیئر کر دیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد خطے کو ایک بڑی جنگ سے بچانا اور سفارتی ذرائع سے تنازعات حل کرنا ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے امن فارمولے کو چین جیسی عالمی طاقت کی حمایت ملنے سے اس کی اہمیت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی برادری ایران کے خلاف ممکنہ جنگ کے خطرات کو ٹالنے کے لیے کوشاں ہے۔