Get Alerts

مستونگ میں سیکیورٹی آپریشن، بھارتی اسپانسرڈ 4 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کے 3 جوان شہید

مستونگ میں سیکیورٹی آپریشن، بھارتی اسپانسرڈ 4 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کے 3 جوان شہید

راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک میجر سمیت تین جوان شہید ہوگئے، جب کہ جوابی کارروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملہ بھارتی پشت پناہی میں کام کرنے والے دہشت گردوں نے کیا، جنہیں سیکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کے دوران نشانہ بنایا۔ شہید ہونے والوں میں میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابنِ امین اور لانس نائیک محمد یونس شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر رضوان طاہر ایک نہایت جری اور دلیر افسر تھے، جو ماضی میں دہشت گردوں کے خلاف کئی اہم آپریشنز کی قیادت فرنٹ لائن سے کر چکے تھے۔

فوجی ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا، جس میں اب تک چار دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ آپریشن اس وقت بھی جاری ہے تاکہ علاقے کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے پاک کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک میں دہشت گردی کے نیٹ ورک، بالخصوص بھارتی حمایت یافتہ عناصر کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ترجمان کے مطابق، شہدا کی قربانیاں قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں اور یہ عزم مزید مضبوط ہو رہا ہے کہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے دم لیا جائے گا۔

ٹیگز: